محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری ہسپتالوںمیں اربوں روپے مالیت سے طبی آلات کی خریداری اور پارکنگ ‘کیفے شاپس کی نیلامی کا خصوصی آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ٹینڈرنگ میں شفافیت کا نظام رائج کر رکھا ہے۔ کسی بھی سرکاری ہسپتال کو خریداری اور نیلامی کی تمام تفصیلات پیپرا کی ویب سائٹ پر ڈالنے کا پابند کیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی شہری یا ادارہ سرکاری ٹھیکوں میں شفافیت کی تصدیق کر سکے۔بدقسمتی سے ٹھیکیدار مافیا اور انتظامیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے نہ صرف متعلقہ معلومات پیپرا کی ویب سائٹ پر نہیں ڈالی جاتیں اور من پسند افراد کو نوازا جاتا ہے بلکہ انتظامیہ ہی معاملات کو الجھانے کے لئے معاملات عدالتوں میں لیجا نے کا مشورہ دیتی ہے اور برسوں تک مناسب پیروی نہیں کی جاتی جس کی بدترین مثال کارڈیالوجی پارکنگ کا ٹھیکہ ہے جو سات سال سے حکم امتناعی پر چل رہاہے۔ اسی طرح میوہسپتال میں نجی میڈیکل سٹور مالکان قانونی موشگافیوںکا فائدہ اٹھا کر خزانے کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ آلات کی خریداری میں بوگس ٹینڈر جمع کروا کر چہیتوں کو نوازا جاتا ہے اب حکومت نے خصوصی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے تو بہتر ہو گا بدانتظامی میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے احتساب کے ساتھ ہسپتالوں کو عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی سختی سے پیروی کرنے کا بھی پابند کیا جائے تاکہ قومی خزانے کو لوٹنے کا سلسلہ ختم کر کے شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔