سرگودھا، سیالکوٹ، چیچہ وطنی، نوشہرہ ورکاں( سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نمائندہ 92 نیوز، نامہ نگار) سرگودھا میں دریائے جہلم پر سیر کرنے آئی فیملی کے پانچ افراد ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ، پانچوں نعشیں نکال لی گئیں، پورے کنبہ کی اموات کی خبر ملتے ہی علاقہ میں کہرام مچ گیا،نسیم کالونی جوہرآباد کارہائشی خاندان جن میں 40 سالہ گل یاسمین ، 26 سالہ بیٹی کرن ، 15 سالہ بیٹی عتیقہ، 7سالہ بیٹی کنزہ ، 8سالہ بیٹا عاصم شامل ہیں سیر کیلئے سرگودھااورخوشاب کے درمیان دریائے جہلم آئے ہوئے تھے ، عاصم اور کنزہ کھیلتے ہوئے دریا میں نہانے لگے ، تیز بہاؤ میں جانے سے دونوں ڈوب گئے ، بچانے کیلئے کرن ،عتیقہ اور انکی ماں گل یاسمین نے بھی دریا میں چھلانگیں لگادیں اور وہ بھی ڈوب گئے ، پوراعلاقہ سوگ میں ڈوب گیا،تاجروں نے اپنی د کانیں بند کردیں۔ سیالکوٹ میں 24سالہ نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، پسرور کے گاؤں ڈھوڈا کا اسد گرمی میں نہر نور پور سیفن میں نہا رہا تھا، اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب کر چل بسا، نعش نہیں مل سکی۔ نوشہرہ ورکاں میں نوجوان نذیر احمد بھینسوں کیساتھ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، نواحی گاؤں ماڑی بھنڈراں کا نذیر احمد اپنی بھینسوں کو نہلانے کیلئے قریبی نہر پر گیا جہاں نہاتے ہوئے ڈوب گیا ، دو دن کی محنت کے بعد اس کی نعش کو ڈھونڈلیا گیا۔ چیچہ وطنی کے نواحی گاؤں 101 ایل 12 میں طفیل کی 3 سالہ بچی کھیلتے ہوئے نہری کھال میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی، بچی کی نعش چک 102 ایل 12 کے قریب سے ملی۔