لا ہو ر/سرگودھا ( کر ا ئم ر پو ر ٹر ،سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر)سی ٹی ڈی سرگودھا نے موثر انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے رکن اور خطرناک دہشت گردمحمد صفدر کو خود کش جیکٹ اور اسلحے سمیت گرفتار کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد محمد صفدر کو پل سیم نالہ چک نمبر 104ایس بی سرگودھا بائی پاس سے حراست میں لیا گیا ،صفدرکے قبضے سے خود کش جیکٹ اور دو ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوئے ہیں ۔ ابتدائی تفتیش میں دہشت گرد محمد صفدرنے انکشاف کیا ہے کہ حساس ادارے کے ایک آفیسر کو ٹارگٹ کرنا اس کا مشن تھا جس کی منصوبہ بندی وہ پہلے ہی مکمل کرچکا تھا۔ دہشت گرد محمد صفدر کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے علاوہ تحریک طالبان پاکستان سے بھی منسلک تھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے خطرناک دہشت گرد کو گرفتار کرنے پر سی ٹی ڈی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر بھی تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہوکر پیشہ ورانہ فرائض سر انجام دیں اور تخریب کاری کے منصوبوں کے ذریعے امن و امان کی صورتحال خراب کرکے عوام کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے ۔