لاہور(سپورٹس رپورٹر )سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا،فاسٹ باؤلرحسن علی زخمی ہونے کے باعث ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے جب کہ کئی کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے ۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ون ڈ ے سیریز کے لیے 16رکنی سکواڈ کااعلان کیا ۔ٹیم میں سرفراز احمد(کپتان) بابر اعظم (نائب کپتان) عابد علی، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین،افتخار احمد،عماد وسیم،امام الحق، محمد عامر،محمد نواز، محمد رضوان، شاداب خان، وہاب ریاض اور عثمان شنواری شامل ہیں۔ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ شعیب ملک ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ حسن علی کمر کی تکلیف کے باعث آرام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز کے میچز بہت کم ہیں، ہم زیادہ سے زیادہ بلے بازوں کو موقع دینا چاہتے ہیں،عابدعلی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں کارکردگی بہترہے اور انہوں نے اپنی فٹنس بھی بہتر بنائی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ فخرزمان کی ون ڈے سیریزمیں پرفارمنس بہترہے ،فخرزمان اگر10اوور بھی کھیلے تووہ میچ ونرثابت ہوتاہے ۔ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے دوستی نبھانی ہوتی تو محمد حفیظ کو ٹیم کا حصہ بناتے ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل نے پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہیں ٹی ٹونٹی سیریز میں موقع دیا جائے گا۔