کولمبو(نیٹ نیوز) سری لنکا میں بدھ انتہا پسند رہنما نے ایک مسلمان ڈاکٹر پر بدھسٹ خواتین کو ماں بننے کی صلاحیت سے محروم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کو سنگسار کرنے کی دھمکی دی ہے ، جس کے بعد ملک میں مسلمان شہریوں کی جانوں کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔بدھ رہنما وراکاگوڈا سری گنانا راتھنا تھیرو نے اپنے پیروکاروں کو مسلمانوں پر تشدد کرنے اور انہیں سنگسار کرنے پر اکساتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ایک مسلمان ڈاکٹر نے 4 ہزار سے زائد بدھ خواتین کو ماں بننے کی صلاحیت سے محروم کیا، مسلم ریسٹورنٹس میں بدھوں کو ایسا کھانا کھلایا جاتا ہے جس سے بدھ خواتین بچے پیدا کرنے کی صلاحیت سے محروم ہو جاتی ہیں، مسلمانوں کے ریسٹورنٹس اور دکانوں کا بائیکاٹ کیا جائے ۔انہوں نے کہا یہ میری ذاتی رائے نہیں بلکہ مسلمان ڈاکٹر کے ہاتھوں متاثرہ بدھ خواتین کا مطالبہ ہے ۔