کولمبو (آن لائن) سری لنکا میں کافی دن سے جاری سیاسی کشمکش کا خاتمہ ہوگیا ، سپریم کورٹ نے صدر کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو کالعدم قرار دیدیا ، پارلیمنٹ بحال کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی سپریم کورٹ نے صدر سری سینا کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو غیر قانونی قرار دے کر اسمبلی بحال کردی۔چیف جسٹس نالن پریرا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے برطرف وزیراعظم کے درخواست کی سماعت کی اور سری لنکا کی تاریخ کا سنگ میل بننے والے فیصلے میں صدر کی جانب سے 5 جنوری کو نئے الیکشن کرانے کے اقدام کو روک کر پارلیمنٹ بحال کردی۔سری لنکا کے صدر متھری پالا سری سینا نے 28 اکتوبر کو اپنے ہی حلیف وزیراعظم رنیل وکرما سنگھے کو برطرف کر کے اپوزیشن لیڈر مہندرا راجاپاکسے کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا تھا۔ جسے وکرما سنگھے نے ماننے سے انکار کردیا تھا ۔صدر سری سینا کے فیصلوں کے خلاف سابق وزیراعظم وکرما سنگھے نے سپریم کورٹ سے رجوع کر کے انتخابات رکوانے اور اسمبلی کی بحالی کی استدعا کی تھی جس پر سپریم کورٹ نے تاریخ ساز فیصلے میں اسمبلی بحال کردی۔