اسلام آباد(نامہ نگار)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین، ترکی اور ایران نے ہماری کھل کر حمایت کی لیکن عرب ممالک اور مغرب کی بڑی طاقتوں نے کشمیریوں اور پاکستانیوں کا ساتھ نہیں دیا۔اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی یوتھ کنونشن سے خطاب میں صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ ،آر ایس ایس اور ان کے انتہا پسند رہنماؤں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سمجھتے ہو کہ اس طرح کشمیریوں پر حملہ کروگے تو کیا کشمیری تمہیں معاف کردیں گے یا بپن راوت بیان دے گا تو پاکستانی اور آزاد کشمیر کے عوام ڈر جائیں گے ؟ میرا یہ پیغام ہے کہ مقبوضہ کشمیر 9 لاکھ بھارتی فوج کا قبرستان بنے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر کے عوام کا عزم ہے کہ جب ہمارا جوابی حملہ ہوگا، جو ہونے والا ہے ، تو تم اپنی وردیاں اور دھوتیاں یہیں مقبوضہ کشمیر میں چھوڑ کر واپس ہندوستان بھاگ جائوگے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہم خالصتان، ہریانہ، آسام، ناگا لینڈ کی بات کر ینگے کیونکہ جو چنگاری انہوں نے سری نگر میں لگائی ہے اس کے شعلے پورے ہندوستان کو برباد کرد ینگے ۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر یلغار کی، وہاں کا جھنڈا اور آئین چھین لیا، فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے پیٹ میں بھی چھرا گھونپا ۔انہوں نے کہاک ہ 5 اگست کے بعد پاکستانیوں اور آزادکشمیر کے عوام نے مثالی اتحاد کا ثبوت دیا، میں حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جس نے پہلی مرتبہ بھارت پر معاشی و تجارتی پابندیاں لگائیں، اقوام متحدہ کا اجلاس منعقد کرایا، انسانی حقوق کونسل میں آواز اٹھائی اور بھارت کو واضح پیغام دیا کہ ہماری جنگ ہندوتوا، فسطائیت اور انتہا پسندی کے ساتھ ہے ۔ساتھ ہی مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 9 لاکھ مسلح فوج کو چاروں شانے چت کیا ہوا ہے ۔سردار مسعودکا کہنا تھا کہ بھارت نے تہذیبی جنگ کا آغاز کیا جس کا خاتمہ ہم کرینگے ۔تمہیں اجیت دوول نے بہکا دیا ہے ، ہم آپ کی یہ بساط لپیٹ کر رہیں گے ۔ پہلی مرتبہ عالمی میڈیا نے بھارت کے بیانیے کو مسترد کیا لیکن بڑی بڑی طاقتوں کے لب سلے ہوئے ہیں، وہ مصلحت اور منفعت کے جال میں پھنسے ہیں لیکن میں چین، ترکی اور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کھل کر ہماری حمایت کی لیکن عرب ممالک ہوں یا مغرب کی بڑی قوتیں تو انہوں نے کشمیریوں اور پاکستان کا ساتھ نہیں دیا۔اس موقع پر انہوں نے ملینڈا اور بل گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے نریندر مودی کو ایوارڈ دینے کے اعلان کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کشمیریوں پر بھارتی ظلم کیخلاف ہرسرحد کو پار کرینگے ، اسلام کے اصولوں کے مطابق بھارتی مظالم کیخلاف جنگ لڑیں گے ۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم یواین میں کشمیر کامقدمہ لڑنے جارہے ہیں ۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کشمیر کاز بیان کررہے ہیں، کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ہم ان کی آواز اور جدوجہد میں شانہ بشانہ ہیں۔ مقبوضہ وادی کی صورتحال پر دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنا ضروری ہے ۔ حریت رہنما مشعال ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں اور کالجز کے راستوں پر بھی بھارتی فوج کھڑی ہے جبکہ وہاں پر ایمبولینس پر بھی گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انسانیت کے نام پر دھبا ہے جوبہت جلد عبرت کا نشان بنے گا۔