لاہور(سپورٹس ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، وزارت داخلہ سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ مکمل طور پر بحال ہو جائے گی، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان میں سکیورٹی صورتحال اور انتظامات سے مطمئن دکھائی دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کی کوششوں کے سلسلے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے ۔ایک دہائی کے دوران پہلی مرتبہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے حکام نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پاکستان کا دورہ کیا ہے ۔ آسٹریلین کرکٹ بورڈ حکام کو وزارت داخلہ اور پی سی بی حکام کی جانب سے پاکستان میں سکیورٹی صورتحال سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے حکام پاکستان میں سکیورٹی صورتحال کی بہتری اور سکیورٹی انتظامات سے خاصے متاثر ہوئے ہیں۔وزارت داخلہ ذرائع کے مطابق پاکستان میں جلد بین الاقوامی کرکٹ بحال ہو جائے گی۔ اس سلسلے میں آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم 2020 یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے ۔ تاہم اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ 20 سال قبل 1999 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ 1999 کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کا کبھی دورہ نہیں کیاتاہم اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم اگلے سال یا 2021 میں پاکستان کا دورہ کر سکتی ہے ۔