پشاور(92نیوز)پشاور قومی جرگہ نے لاک ڈاؤن ختم،ٹیکسز معاف نہ کرنے پر سول نافرمانی تحریک کی دھمکی دیدی، جرگہ نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر مطالبات نہ مانے گئے تو گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کر دینگے جبکہ بلا وجہ بجلی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہ کرنے پر واپڈا ہاؤس کو تالا لگا دیا جائے گا ۔ پشاور قومی جرگہ کا اہم اجلاس زیر صدارت جے یو آ ئی (ف)کے سابق صوبائی وزیر و جرگہ صدر مولانا امان اللہ حقانی ویڈیو کانفرنس پر ہوا جس میں جرگہ چیئر مین خالد ایوب، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور جرگہ ترجمان ارباب خضر حیات ،اے این پی کے سابق ایم پی اے اور جرگہ کے سرپرست اعلیٰ عالمگیر خلیل، جماعت اسلامی کے سابق وزیر و جرگہ جنرل سیکرٹری کاشف اعظم خان ودیگر نے شرکت کی۔ جرگہ کے ترجمان ارباب خضر حیات کے مطابق جرگہ نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ فوری لاک ڈاؤن ختم کرکے خصوصی ہدایات اور احتیاطی تدابیرکیساتھ تمام کاروباری مراکز کھولے جائیں کیونکہ چھوٹے بڑے تمام تاجر مزید لاک ڈاؤن کے متحمل نہیں ہو سکتے کیونکہ کہ ایسے تاجر بھی ہیں جو کاروبار بند ہونے سے دو وقت کی روٹی بھی بمشکل کھا رہے ہیں ۔جرگہ نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بجلی، گیس اور پانی کے تمام بل تین مہینوں کیلئے معاف کئے جائیں بصورت دیگر عوام بلوں کو جلا کر سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہو جائینگے ۔ جرگہ نے بجلی لوڈ شیڈنگ کے فوری خاتمہ کا بھی مطالبہ کیا کیونکہ تمام کارخانے اور کاروباری مراکز بند ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ بلا جواز ہے اگر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو واپڈا ہاؤس کو تالا لگانے پر عوام مجبور ہوجائینگے ۔