لاہور(خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی (Mr۔ Takashi Kurai) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ اور جاپانی سفیر نے دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی ، تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔جاپانی سفیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں خصوصا آبپاشی ،پینے کے صاف پانی ،فنی تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں جاپانی قوم کی محنت کا بہت بڑا معترف ہوں۔ جاپان کی تیز رفتار ترقی سے سیکھ کر پنجاب میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے کو آگے لیکر جائیں گے اس ضمن میں جاپان کی مہارت سے استفادہ کرینگے ۔دونوں ممالک کے مابین معاشی و تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان اور جاپان کے مابین دوطرفہ تجارتی حجم بھی بڑھانا ہو گا۔تعلیم، صحت اور شہری سہولیات کی بہتری میں جاپان کا تعاون لائق تحسین ہے ۔جاپان بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے ۔جاپانی سفیرنے کہا کہ جاپان او رپاکستان کے تعلقات کو معاشی تعاون میں بدلنے کی ضرورت ہے ،پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ملتان سے منتخب رکن قومی اسمبلی زین قریشی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بولتے کم اورکام زیادہ کرتے ہیں ،جنوبی پنجاب کے حوالے سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے ۔ اب عملی اقدامات ہوں گے اور حقیقی تبدیلی آئے گی۔وزیراعلیٰ نے تلہ گنگ اور سندر کے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ذیابیطس سے بچاؤ اور علاج معالجے کے حوالے سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول میں رکھنے اور بچاؤ کیلئے احتیاط سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔