لاہور،کراچی، قصور، سیالکوٹ، اسلام آباد (کامرس رپورٹرز، ڈسٹر کٹ رپورٹرز، نمائندہ 92 نیوز، وقائع نگار) پٹرول سستاہوتے ہی صوبائی دارلحکومت پنجاب کے مختلف اضلاع کے بیشتر پمپس سے غائب ہو گیا، صوبائی دارالحکومت لاہورمیں پٹرول کی قیمت میں کم ہوتے ہی جیل روڈ اور شادمان کے پمپوں پر پٹرول غائب ہو گیا ،شہر کے بیشتر پمپس پر مخصوص مقدار سے زیادہ پٹرول نہیں دیا جا رہا ،پٹرول کی قلت کا بہانہ کرتے ہوئے گاڑی والے کو 500سے جبکہ موٹر سائیکل والے کو 100روپے سے زیادہ پٹرول نہیں ڈالا جا رہا جس وجہ سے شہری پریشان ہیں، قصور کے مالکان نے پٹرول و ڈیزل کی فروخت بند کر کے پٹرول پمپس کو بیریئر لگا کر بند کر دیا،عوام سستے پٹرول کے حصول کیلئے ایک پٹرول پمپ سے دوسرے پٹرول پمپ کے چکر لگا رہے ہیں مگر پٹرول نہیں مل رہا،سیالکوٹ اور گردونواح میں دوسرے روز بھی پٹرول کی قلت برقراررہی، اٹک،چکوال،پنڈسلطانی،سیالکوٹ، ڈسکہ، پسرور ،سمبڑیال اور گردونواح کے متعدد پمپس نے پٹرول کی سپلائی بند کردی ، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ،وزارت پٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ حکومت بااثر پٹرول پمپس مافیا پر اپنی رِٹ قائم کرتے ہوئے پٹرول و ڈیزل کی دستیابی کو یقینی بنائے ۔ذرائع کے مطابق پٹرول کی قلت کی بڑی وجہ قیمتوں میں کمی کی وجہ سے سٹاک کم ہونا ہے کیونکہ ہر ماہ قیمت میں کمی ہو رہی ہے جس وجہ سے پٹرول پمپ مالکان نے پٹرول کا سٹاک کم کر دیا تاکہ خسارے سے بچا جا سکے ،ادھر قیمت کم ہونے کی وجہ سے ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہو گیا ،پٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ آئندہ دوسے تین دن میں مسئلہ حل ہو جائے گا۔پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن کے رہنما خواجہ عاطف کے مطابق پٹرول اور ڈیزل کی سپلائی ڈیڑھ ماہ سے طلب کا صرف 30 فیصد ہی دیا جا رہا ہے ،دوسری جانب پٹرولیم بحران سر اٹھانے لگا تو صورتحال کنٹرول کرنے کے لئے پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا کو خط لکھ دیا، پٹرولیم ڈویژن نے جولائی کے آغاز میں پٹرول کی قیمتوں میں کمی اور ذخیرہ اندوزی جیسی مشکلات کا سامنا ہونے کا بھی عندیہ دے دیا ، خط میں کہا گیا ہے کہ آنے والے کچھ وقت میں ملک کو پٹرول کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ دستاویز کے مطابق کمپنیوں کو مقررہ مقدار میں تیل کا ذخیرہ رکھنے کا پابند بنایا جائے ، کمپنیوں کے ڈپوز ٹرمینلز ریٹیل آئوٹ لیٹس میں ذخائر کا جائرہ لیا جائے ، آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ملک میں تیل کا 20 روز کا سٹاک یقینی بنائیں، اوگرا کمپنیوں کے آئل ڈپوز کی چیکنگ کے لئے ٹیمیں مقرر کرے ، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی مصنوعی قلت پر نوٹس لے لیا اور تنبیہ کی کہ مناسب ذخیرہ نہ رکھنے والی کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔