وہ دونوں سرکاری ملازم تھے۔ ملازمت کے دوران باوجود کوشش کے گھر نہ بناسکے۔ بچوں کی تعلیم ،صحت اور دیگر ضروریاتِ زندگی… آخرِکارریٹائرمنٹ کا وقت آن پہنچا۔ پوری زندگی کرائے کے گھروں میں گزری۔ اُس کی بیوی کی شدید خواہش رہی کہ اپنا گھر بن جائے۔ جس کے لیے وہ کئی بار پیسے جوڑنے کی کوشش بھی کرتی رہی،مگر خواہش پوری نہ ہوسکی۔ یہ چند دِن اُدھر کی بات ہے،جب ٹی وی میں حکمرانوں کے گھروں کی قیمتیں منظرعام پر آئیں، تومیاں بیوی کو معلوم پڑا کہ قیمت اس قدر نیچے گرگئی ہے کہ وہ بھی گھر خرید سکتے ہیں۔ اگلے دِن قریبی ہائوسنگ سوسائٹی کے دفتر پہنچے، گھر خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پراپرٹی ایجنٹ نے جب قیمتیں بتائیں تو دونوں دنگ رہ گئے اور پھر بولے ’’گھر تو سستے ہوگئے ہیں‘‘ پراپرٹی ایجنٹ نے پوچھا ’’آپ الیکشن لڑرہے ہیں؟‘‘ جواب نفی میںپاکر وہ بولا ’’سستے گھروں کی سکیم صرف حکمرانوں کے لیے ہے‘‘