لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے ؍کرائم رپورٹر؍سٹا ف رپورٹر) احتساب عدالت نے پیراگون ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتارخواجہ سعد رفیق اورخواجہ سلمان رفیق کو مزید7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا،عدالت کے باہر خواجہ برادران حکومت کے خلاف برس پڑے ۔نیب نے سعدرفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق کوسخت سکیورٹی میں احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کے۔روبرو پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹروارث جنجوعہ نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ برادران اور پیراگون کے بینک اکائونٹس اور ریونیو کا تفصیلی ریکارڈ مل چکا ہے ،عدالت ملزموں کا مزید 15 روزہ جسمانی ریمانڈ دے تاکہ تفتیش مکمل کی جا سکے ۔ملزموں کے وکیل امجد پرویز نے موقف اختیار کیا کہ پیراگون سے خواجہ برادران کا کوئی تعلق نہیں لہذانیب کو مزیدجسمانی ریمانڈ دینے کی ضرورت نہیں۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعدعدالت نے خواجہ برادران کومزید7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا تحریک انصاف کی حکومت میں پاکستان کی معیشت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، عوام پی ٹی آئی کی جان کو رو رہے ہیں، حکومت اپنے بوجھ سے خود گرنا چاہتی ہے ۔ سلمان رفیق نے کہا عمران خان انتقام کی سیاست کر رہے ہیں،5 ماہ میں ہی حکومتی نااہلی کھل کرسامنے آ گئی۔خواجہ برادران کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، تاہم کوئی اہم لیگی شخصیت اظہار یکجہتی کیلئے نہ پہنچی جبکہ پولیس کی جانب سے کنٹینرز اور خاردار تاریں لگاکر راستوں کو بند کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے سعد رفیق کا 7 روزہ راہداری ریمانڈ بھی منظور کر لیا۔نیب پراسیکیوٹر نے بتایا سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جاری کئے ، اسمبلی سیشن میں شرکت کے لئے جانے کی اجازت دی جائے اور 20جنوری تا 26 جنوری راہدرای ریمانڈ دیا جائے ۔