ریاض (این این آئی)سعودی عرب میں محنت اور سماجی ترقی کے وزیر احمد الراجحی نے تصدیق کی ہے کہ ان کی وزارت نے 68 منصوبوں کو اختتام تک پہنچایا ہے جن پر گذشتہ چند ماہ کے دوران کام کیا گیا۔ اس وقت نجی سیکٹر کے کام آنے والے 32 منصوبوں کے آغاز کیلئے کام ہو رہا ہے ۔صحت اور زراعت کے سیکٹروں میں متعدد منصوبوں پر دستخط کیے گئے ہیں تا کہ نجی سیکٹر میں نوجوان لڑکے لڑکیوں کو 55 ہزار ملازمتیں فراہم کی جا سکیں۔ مملکت میں 1000 ریکروٹنگ بیوروز اور 35 ریکروٹنگ کمپنیاں مصروف عمل ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق حائل میں سعودی چیمبرز میں ایک کھلی ملاقات کے دوران الراجحی نے بتایا کہ وزارت محنت نے کاروباری سیکٹر میں خدمات پیش کرنے کے لیے قوی کے نام سے ایک پلیٹ فارم کا آغاز کیا ہے ۔ اس حوالے سے خدمات کی مجموعی تعداد 120 تک ہے جن میں 70 خدمات اس وقت کام کر رہی ہیں۔ بقیہ خدمات کو آئندہ پانچ ماہ کے دوران پایہ تکمیل تک پہنچا دیا جائے گا۔