ریاض(این این آئی،نیٹ نیوز) سعودی عرب کی میزبانی میں پاکستان،خلیجی ریاستوں، عرب ممالک اور دیگر مسلمان اور دوست ممالک کی عسکری قیادت کا اہم اجلاس دارالحکومت الریاض میں ہوا جس میں خطے کی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خلیج تعاون کونسل کی ریاستوں کے چیف آف سٹاف کی سلامتی اور دفاع کانفرنس میں مصر ، اردن ، پاکستان ، برطانیہ ، امریکہ ، فرانس ، جنوبی کوریا ، نیدرلینڈز ، اٹلی ، جرمنی ، نیوزی لینڈ اور یونان کی مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ عسکری قیادت نے سمندری اور فضائی تحفظ پر زور دینے اور ایران کی مخاصمانہ پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ خطے کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے درکار صلاحیتوں کا بھی جائزہ لیا۔