تہران( آن لائن )ایران نے امریکہ کو ایک سفارتی مراسلہ بھیجا ہے جس میں سعودی تیل تنصیبات پر حملوں میں اس کے کسی قسم کے کردار کی تردید کی گئی ہے اور خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی کارروائی کا جواب دے گا ، باضابطہ مراسلہ سوئز سفارت خانے کے ذریعے بھیجا گیا ہے ۔ جو کہ تہران میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرتا ہے ، اس میں کہا گیا ہے کہ ایران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دعوئوں کی تردید اور مذمت کرتا ہے کہ وہ حملوں میں ملوث تھا ۔ارنا کا کہنا ہے کہ اس میں یہ عزم بھی دہرایا گیا ہے کہ اگر ایران کیخلاف کسی قسم کی کارروائیاں کی جاتی ہیں تو ایران کی جانب سے فوری طور پر اس کارروائی کا جواب سامنے آئے گا اور اس کا ہدف صرف دھمکی تک محدود نہیں رہے گا۔پیغام پیر کی دوپہر کو بھیجا گیا ہے جب ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس کے علاقائی دیرینہ حریف سعودی عرب میں اس کی تیل تنصیبات پر حملوں میں ملوث ہو سکتا ہے ۔