اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، وقائع نگارخصوصی،وقائع نگار)سعودی فرمانروا شاہ سلیمان نے نامزد وزیر اعظم عمران خان کودوسرے روز بھی ٹیلی فون کرکے انتخاب جیتنے پر مبارکباد اورنئی حکومت کیلئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا،عمران خان نے سعودیہ جبکہ شاہ سلمان نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔اس موقع پرسعودی فرمانروا شاہ سلمان نے کہا پاکستان ہماری نظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان کے عوام نے آپ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے ،نئی حکومت کیساتھ نہایت قریبی اور متحرک تعلقات کے خواہاں ہیں۔ نامزد وزیر اعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا کا شکریہ ادا کیا اور دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی قبول کرلی۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہاسعودی عرب ہمارا ایسا دوست ہے جس نے ہمیشہ مشکل میں ہمارا ساتھ دیا، سعودی عرب کی سکیورٹی کو نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں، حرمین الشریفین کا تحفظ ہمارے عقیدے کا حصہ ہے ۔عمران خان نے سعودی فرمانروا کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کرلیا تاہم اس کی تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگوکے دوران عمران خان نے کہا کابینہ اور وزیر اعلٰی پنجاب کے نام کا ابھی تک فیصلہ نہیں کیا، مشاورت جاری ہے ،اتفاق رائے کے بعدمیڈیا کے ذریعے قوم کو آگاہ کر دیا جائے گا ۔ 92 نیوز کے نمائندے نے عمران خان سے پوچھا کیاآپ نے اپنی کابینہ سے متعلق فیصلہ کر لیا تو انہوں نے جواب دیا ابھی اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا،نمائندے نے کپتان سے پھرسوال کیا کہ آپ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے کس کا انتخاب کیا ہے تو عمران خان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ابھی تک وزیراعلیٰ پنجاب کابھی فیصلہ نہیں ہوا۔عمران خان نے کہا 14 اگست ماضی کی نسبت بھرپور انداز میں منائیں گے ،قوم اس دفعہ دیکھے گی کہ 14 اگست کس طرح بھرپور انداز میں منایا جائے گا ۔ادھر تحریک انصاف نے گزشتہ روز اسلام آباد میں اپنے ا رکان اسمبلی اوراتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا،عشائیہ میں ایم کیوایم، بی این پی اور دیگراتحادی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاتمام اتحادیوں کو ساتھ لے کرچلیں گے ،تمام فیصلے پارلیمنٹ میں کئے جائیں گے ، ایوان میں ارکان کے سوالوں کا جواب دونگا، تمام فیصلے میرٹ اور قوم کے مفادمیں کرونگا، نئے پاکستان کیلئے سب کو متحدہونا پڑے گا،انتخابات میں ووٹ خریدنے کا کلچر ختم ہوناچاہئے ، ن لیگ نے ہمارے مطالبے پر حلقے نہیں کھولے لیکن ہم حلقے کھولنے کیلئے تیارہیں۔ معروف کاروباری شخصیت صدرالدین ہاشوانی نے بنی گالہ میں عمران خان سے ملاقات کرکے الیکشن میں کامیابی اور بطور وزیر اعظم نامزدگی پر مبارکباد دی ۔صدرالدین ہاشوانی اوردبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمران چودھری نے عمران خان کا بطور وزیر اعظم انتخاب کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کیلئے نہایت مثبت قرار دیا۔