راولپنڈی،فیصل آباد،لاہور(نامہ نگار خصوصی، خصوصی رپورٹر،آن لائن)سعودی عرب سے فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام کی وطن واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔پی آئی اے کی پروازوں سے گزشتہ روز400 سے زائدحجاج کرام وطن واپس پہنچے ۔عزیزواقارب نے ایئرپورٹ پر ان کااستقبال کیا اورہارپہنائے ۔پی آئی اے کی پہلی حج پرواز 160 حجاج کو لے کر نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچی، نیو اسلام آباد ائیر پورٹ پر ڈپٹی جنرل منیجر امجد خان درانی اور ڈسٹرکٹ منیجر پی آئی اے فراز احمد نے حجاج کا استقبال کیا۔بعض حجاج کرام نے واپسی پر حکومت کی جانب سے کئے گئے انتظامات پر تنقید بھی کی۔ادھرفیصل آبادمیں قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز140 حجاج کرام کو لیکر فیصل آ باد انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر پہنچ گئی ، ائیر پو رٹ پر کمشنر محمود جاوید بھٹی ،ائیر پورٹ منیجر ،سول ایوی ایشن حکام نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ادھرلاہورمیں پی آئی اے کی پہلی پرواز 100سے زائد حجاج کرام کو لے کر ہفتے کی رات گیارہ بجے لاہورایئرپورٹ پر پہنچی جبکہ مزید ایک اور پروازمزید حاجیوں کو لے کر آج بروز اتوار صبح سات بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے گی۔