ریاض(نیٹ نیوز)سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ کو کورونا کی ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے خدمات انجام دینے پر ایوارڈ سے نوازا گیا۔عرب نیوز کے مطابق ڈاکٹر ضیائاللہ خان پچھلے 4 سالوں سے سعودی عرب میں مقیم ہیں اور انہوں نے متعدد صحت پروگراموں میں کام کیا ہے جن میں تپ دق، ڈینگی بخار اور ملیریا شامل ہیں۔اب ڈاکٹر ضیائاللہ خان جدہ میں وزارت صحت کے ساتھ کورونا نگرانی اور ڈیٹا انیلیسز ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ضیائاللہ نے عرب نیوز کو بتایا کہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں 100 دن کی خدمات کے اعتراف میں طبی عملے کو ایوارڈز دیئے اور میں بھی یہ ایوارڈ لینے والوں میں سے ایک ہوں۔انہوں نے کہا اپنی خدمات کی پہچان ملنے پر بہت فخر محسوس ہورہا ہے ، میں شمالی وزیرستان سے آیا ہوں اور یہ ایوارڈ نہ صرف میرے لئے بلکہ میرے علاقے اور پورے پاکستان کے لئے ایک اعزاز ہے ۔