صنعائ،ریاض (نیٹ نیوز،این این آئی ) یمن میں صوبہ مارب کے قبضے کے لئے گھمسان کی جنگ جاری ہے ، ، چوبیس گھنٹوں میں اہلکاروں سمیت 90 ہلاک ہوگئے ۔ یمنی فورسز اور حوثی باغیوں کے درمیان مارب پر قبضے کی لڑائی جاری ہے ، ہلاک ہونے والوں میں 32 حکومتی فوجی شامل ہیں، جبکہ 58 حوثی جنگجوسعود ی فوجی اتحاد کی بمباری میں ہلاک ہوئے ۔دوسری طرف عرب اتحاد اور سعودی محکمہ دفاع نے سعودی عرب پر24گھنٹو ں میں حوثیوں کے 8 ڈرون حملے ناکام بنادیئے ۔ عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈییر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی مذموم سازشیں کررہی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ان ڈرون طیاروں کی مدد سے سعودی عرب کے سرحدی شہروں خمیس مشیط اور جازان میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ترجمان نے بتایا کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے سعودی عرب میں شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور انہیں جانی اور مالی نقصان پہنچانے کی مذموم سازشیں کی جا رہی ہیں۔ تاہم عرب اتحاد حوثیوں کی دہشتگردی کے خلاف پوری طرح چوکس ہے اور ڈرون طیاروں اور جنگی بیلسٹک میزائلوں سے ہونے والے حملوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے ۔قبل ازیں عسیر کے علاقے میں شہری دفاع کے ترجمان محمد بن عبدہ السید نے بتایا تھا کہ جمعہ پانچ مارچ کو حوثیوں کے ڈرون کو نشانہ بنایا گیا جس کے ٹکڑے خمیس مشیط میں گرے ۔ تباہ ہونے والے ڈرون طیارے کے ٹکڑے گرنے سے 10 سالہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔ترکی المالکی نے ان ڈرون طیاروں کے حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ عرب اتحاد حوثیوں کی دہشت گردی کے باوجود صبرو تحمل سے کام لے رہا ہے ۔