اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) سعودی عرب نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت اور کشیدگی میں اضافے سے گریز اور ایک پرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا ہے ،سعودی قیادت نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 15 اکتوبر کو سعودی عرب کا دورہ کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں ،ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی گہرے اور کثیر الجہت ہیں ۔ خلیج کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے فوجی تصادم سے گریز اور تمام فریقین کے درمیان تعمیری رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پرامن ذرائع سے اختلافات اور تنازعات کے حل اور کشیدگی میں کمی کیلئے سہولت کاری کی کاوشوں کیلئے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔ سعودی عرب کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت اور کشیدگی میں اضافے سے گریز اور ایک پرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔ سعودی قیادت نے خطے میں امن اور استحکام کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کیلئے وزیراعظم عمران خان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے سعودی قیادت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں 70 سے زیادہ دن سے جاری مواصلاتی پابندیوں، مسلسل لاک ڈائون اور کرفیو سمیت انسانی حقوق کی سنگین صورتحال اور انسانی بحران سے آگاہ کیا ۔ وزیراعظم نے اس امر کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔