سعودی عرب نے آزاد کشمیر میں سانحہ لیسواکے متاثرین کے لئے اربوں روپے کے امدادی پروگرام کا اعلان کیاہے۔ پاکستان اور سعودی عرب دو برادر اسلامی ملک ہیں ۔سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔1973ء کے سیلاب میں سعودی عرب نے پاکستانیوں کی مالی مدد کی جبکہ 1975ء میں سوات کے زلزلہ زدگان کی تعمیر و ترقی کے لئے ایک کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا تھا۔2005ء کے تباہ کن زلزلے میں بھی سعودی عرب پاکستانیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہا۔2010ء اور 2011ء میں سیلاب میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کو 10کروڑ 70لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کی تھی۔2015ء میں جب پاکستان کومعاشی بحران اور بلوچستان میں زلزلے کی آفت کا سامنا کرنا پڑا تو تب سعودی عرب نے ایک کروڑ ڈالر کی نقد امداد فراہم کی۔۔ یوں ہر مشکل وقت میں سعودی عرب پاکستانیوں کے ساتھ کھڑا رہا۔ اب سعودی عرب نے سانحہ لیسوا کے متاثرین کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کا اعلان کیا ہے۔سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے یہ کام اللہ کی رضا کے لئے سرانجام دینے کا اعلان کیا ہے بلکہ انہوں نے اس دورے کے دوران موبائل رکھنے والے افراد کو فوٹو بنانے سے بھی منع کر دیا تھا ۔پاکستان نے بھی ہر مشکل وقت میں سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے۔ ہر پاکستانی کا دل حرمین شریفین کے باسیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ سعودی عرب کی حالیہ امداد سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور سعودی عرب کے بارے میں پاکستانیوں کے دلوں میں مزید محبت پیدا ہو گی۔