ریاض( نیٹ نیوز) سعودی فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے غیرملکیوں کو مملکت کی شہریت دینے کا شاہی فرمان جاری کردیا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب کی معیشت کو مزید مستحکم کرنے کی غرض سے دنیا بھر کے ذہین پیشہ ور افراد کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے انہیں شہریت دینے کی منظوری دی گئی ہے ،شاہی فرمان کے تحت مختلف شعبوں میں ممتاز پیشہ ور افراد کے ساتھ ساتھ جوہری اور قابل تجدید توانائی، طب ، دواسازی ، کمپیوٹر سائنس ، تیل ، مصنوعی ذہانت ، روبوٹکس ، ماحولیات ، خلابازی ، ہوا بازی ، ثقافت ، کھیل اور آرٹس میں مہارت رکھنے والوں کو شہریت سے نوازا جائے گا۔مملکت کا یہ اقدام وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت تیل پر انحصاری کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں میں ترقی کے ذریعے معیشت کو دوام بخشنا اور اس ضمن میں سخت گیر قوانین میں اصلاحات لاکر طویل مدتی پالیسیوں سے منافع بخش منصوبوں کی بروقت تکمیل کو ممکن بنانا ہے ۔