ریاض(این این آئی )ایک سعودی لڑکی نے اپنے سٹیم سیل عطیہ کر کے ایک امریکی شہری کی جان بچالی،2005ء میں ایک امریکی خاتون نے اپنے سٹیم سیل عطیہ کر کے ایک سعودی نوجوان کی جان بچائی تھی۔سٹیم سیل عام طور پر خون کے کینسر ،غدود کے کینسر اور ہڈی کا گودا ناکارہ ہوجانے والے مریضوں کو عطیہ کئے جاتے ہیں۔ سعودی اخبار کے مطابق کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال ریاض کے ماتحت سٹیم سیل عطیہ کرنیوالوں کے پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر فراس الفریج نے اس کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ ہمارے ہسپتال نے سٹیم سیل عطیہ کرنیوالوں کا ایک شعبہ قائم کر رکھا ہے ۔ 2ماہ قبل اس شعبے کو امریکہ سے ایک امریکی مریض کیلئے سٹیم سیل فراہم کرنے کی درخواست موصول ہوئی تھی۔پروگرام کے ریکارڈ پر موجود ایک سعودی لڑکی سے رابطہ قائم کیا گیا۔ اس کے لیب ٹیسٹ کئے گئے اور پھر خون کا نمونہ امریکی ہسپتال بھیج دیا گیا۔نتیجہ مثبت آنے پر سعودی لڑکی سے ایک ہزار ملی سٹیم سیل حاصل کر کے امریکی ٹیم کے حوالے کر دئیے گئے ۔امریکی شہری کے جسم میں سٹیم سیل کی پیوند کاری کامیابی سے انجام پا گئی۔ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال کے ایگزیکٹو نگران اعلیٰ ڈاکٹر ماجد الفیاض نے بتایا کہ سٹیم سیل پروگرام میں71ہزار سعودی اور مقیم غیر ملکی اندراج کرائے ہوئے ہیں۔اندرون مملکت سے سٹیم سیل عطیہ ہونے پر 37سعودی مریضوں کو نئی زندگی مل چکی ہے ۔