ریاض (نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز)سعودی سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 مسلح دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ جہادی تنظیم داعش نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔سعودی خبررساں ادارے العربیہ کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ سعودی دارالحکومت ریاض میں پیش آیا۔ نامعلوم مسلح افراد نے ریاض کے شمالی علاقہ الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر حملہ کیا تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس حملے کو ناکام بنادیا۔العربیہ نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔حملے سے متعلق مزید معلومات ویب سائٹ پر شیئر نہیں کی گئیں جبکہ رابطہ کرنے پر متعلقہ سعودی حکام نے اس واقعہ پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔ رواں ماہ سعودی عرب میں سکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کا یہ دوسرا حملہ ہے ۔اس سے قبل 9 اپریل کو سعودی عرب کے مشرقی صوبہ میں سکیورٹی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا تھا۔ تاہم سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے تھے جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔رواں برس 10 جنوری کو سعودی خفیہ ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے 6 مشتبہ افراد کو ہلاک کرنیکا دعویٰ کیا تھا تاہم 9 اپریل کو ہونیوالی کارروائی کے بارے میں سعودی حکام کا کہنا تھا کہ مارے جانیوالے دہشتگرد قطیف میں ہونیوالے حملے میں ملوث تھے ۔