ریاض(نیٹ نیو ز)سعودی عرب نے کفالہ کے نام سے مشہور غیر ملکی کارکنوں کی سپانسرشپ کے نظام کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی جگہ آجروں اور ملازمین کے مابین ایک نیا معاہدہ تشکیل دیا جائے گا۔ خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے عربی زبان کے آن لائن معاشی اخبار 'معال' کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ریاست میں 7 دہائیوں سے رائج نظام کفالہ عام طور پر غیر ملکی کارکنوں کو ایک آجر کیساتھ باندھتا ہے۔ ،انسانی حقوق کے گروپوں نے اس نئے نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس سے کارکن اور مزدور استحصال کا شکار ہوں گے ، تاہم سعودی میڈیا نے کہا کہ کفالہ کے قانون کا خاتمہ آجر اور غیر ملکی ملازمین کے مابین تعلقات کو روزگار کے ایک ایسے معاہدے تک محدود کردے گا جو دونوں فریقوں کے حقوق اور فرائض کی وضاحت کرے گا۔ فروری میں سعودی گزٹ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کفالہ کے نظام کو ختم کرنے کا فیصلہ سعودی عرب کی جانب سے کی جا رہی معاشی اصلاحات کا ایک حصہ ہے جو ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے ویژن 2030 کے اجرا کے بعد منظرعام پر آیا ہے ۔منصوبے کے تحت کفالہ کے خاتمے سے تارکین وطن مزدوروں کو مل سے باہر جانے اور دوبارہ داخلے کے سلسلے میں ویزے کی آزادی میسر ہو گی ۔ جبکہ وہ خود سے آخری اخراج کی مہر حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کسی پابندی یا منظوری کے بغیر ملازمت اختیار کر سکیں گے ۔ملازمت کے معاہدے میں طے شدہ قانون کے مطابق تارکین وطن مزدوروں کو نقل و حرکت کی مکمل آزادی حاصل ہو گی۔سعودی عرب میں 7 دہائیوں سے نافذ کفالہ کا نظام غیر ملکی کارکن اور آجر کے مابین تعلقات کو کنٹرول کرتا ہے ، نظام کے تحت مزدور ریاست میں پہنچنے کے بعد معاہدے کی شرائط کے مطابق اپنے کفیل کے لیے کام کرنے کا پابند ہوجاتا ہے اور وہ اپنی کفالت کی منتقلی کے بغیر دوسروں کے ساتھ کام کرنے کا حقدار نہیں۔دوسری طرف توقع کی جاتی ہے کہ کفالت کے نظام کے خاتمے سے سعودی لیبر مارکیٹ میں بہت سے فوائد حاصل ہوں گے جبکہ شہریوں کی جانب سے تارکین وطن محنت کشوں کے مابین مسابقت کی حمایت کی جائے گی، دوسرا فائدہ یہ ہوگا کہ باصلاحیت افرادی قوت کے لیے کام کرنے کے ماحول کو بہتر بنانے کے علاوہ مختلف ممالک سے انتہائی قابل اور بہترین صلاحیت کے حامل تارکین وطن کو ملازمت کے لیے راغب کیا جا سکے گا۔