اسلام آباد( خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیرمذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سیکرٹری مذہبی امورمیاں مشتاق بورانہ،ڈائریکٹرجنرل حج مرزا ابرار کے ہمراہ منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں مختلف خدمات کے ذمہ دار ادارے موسسہ میں منعقدہ اہم اجلاس میں شرکت کی۔اس موقع پروفاقی وزیر نے چیئرمین موسسہ رافعت بدر سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ حج کے دوران بہترین انتظامات پر خادم حرمین شریفین اور چیئرمین موسسہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ گزشتہ حج کے دوران ہمارے حجاج کو پیک شدہ کھانے اور بنکر بیڈز استعمال کرنے میں مشکل رہی، مکاتب کو پاکستانی معیار کے مطابق کھانے اور دیگر سہولیات کی فراہمی کا پابنداور پاکستان حج مشن سے بھرپور تعاون کیا جائے ۔ اس موقع پر چیئرمین موسسہ رافعت بدر نے پاکستانی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی حجاج کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ پچھلے سال حج کوٹہ بڑھنے اور منیٰ میں کم گنجائش کے سبب بنکر بیڈز لگانا پڑے ۔ آنے والے سالوں میں منی ٰکے خیموں کو ڈبل سٹوری اٹیچ باتھ بنایا جائے گا۔ اس سال پاکستانی حجاج کو انکے معیار کے مطابق کھانا فراہم کرینگے ۔ اجلاس کے آخر میں پاکستانی حجاج کو منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں مختلف خدمات کی فراہمی کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔