اسلام آباد ، کراچی(صباح نیوز، این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہندوستان نے 5اگست کو غیر قانونی یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا اور اب جبراً مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے درپے ہے ۔انہوں نے یہ بات سعودی عرب کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف اور جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ کانگ کیونگ وا سے الگ الگ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی اور انہیں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔سعودی عرب کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ابراہیم بن عبدالعزیز العساف سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ25 روز سے مسلسل کرفیو نافذ ہے ، نہتے مسلمانوں کو عید اور نماز جمعہ کی ادائیگی تک نہیں کرنے دی گئی ،مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے مسلمانوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو موثر کردار ادا کرنا ہو گا۔وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے حالیہ روابط اور خطوط کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے گھمبیر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور خطے میں قیام امن کیلئے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا شاہ محمود قریشی سے گفتگوکرتے ہوئے جنوبی کوریا کی وزیر خارجہ کانگ کیونگ وا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اہم مسئلہ ہے جس کا سدباب ہونا چاہیے ۔علاوہ ازیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاہے تاریخ گواہے جب جب پاکستانی قومی جاگی ہے اسے کوئی جھکا نہیں سکا ،جیسے جیسے بھارت کا فاشسٹ چہرہ بے نقاب ہو رہا ہے پوری قوم میں شعور بیدار ہو رہا ہے ، کرفیو کے باوجود بہت کشمیریوں پر ظلم اور تشدد کی داستانیں آرہی ہیں ، اصل کہانیاں اس وقت سامنے آئیں گی جب کرفیو ہٹایا جائیگا ،بھارت کشمیریوں کو جتنا دبائے گا جدوجہد اتنی زیادہ ابھرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سب سے پہلے تو میں پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کروں گا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی کال پر اس یکجہتی کا مظاہرہ کیا، احتجاج سے نہتے کشمیریوں کو یہ واضح پیغام گیا کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ میں بھارت سے یہی کہوں گا کہ آپ نے جو حماقت کر لی ہے اس پر توبہ کریں اور کشمیریوں کو آزاد کریں۔ وزیر خارجہ آج( ہفتہ) دوپہر عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔