ملتان، اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، 92نیوزرپورٹ)بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپس شروع ہو گئی ۔ سعودی عرب ، دبئی اور انڈونیشیا سے 649 افراد کی واپسی ہوئی ہے ،گزشتہ روز سعودی عرب سے 200 سے زائد مسافروں کو لے کر خصوصی پرواز ملتان ایئرپورٹ پہنچ گئی،وزیر خارجہ شاہ محمود نے مسافروں کا استقبال کیا۔ائیرپورٹ پر تمام مسافروں کی سکریننگ کی گئی ، مسافروں کو ہوٹلز میں قیام کرایا جائے گا جبکہ محکمہ ہیلتھ کی جانب سے جاری کردہ ایس او پی پر عملدرآمد کیا جائے گا ۔کورونا ٹیسٹ رپورٹ آنے تک مسافروں کو ہوٹلز میں ہی رکھا جائے گا۔ امارات میں پھنسے 227 پاکستانیوں کولے کر پی آئی اے کی پہلی پرواز دبئی سے اسلام آباد پہنچ گئی ۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے باعث یہ پاکستانی دبئی ایئر پورٹ پر پھنسے ہوئے تھے ۔ اسی طرح انڈونیشیا سے 222 پاکستانیوں کو لے کر پی آئی اے کی پرواز بھی کراچی پہنچ گئی ہے ، ان مسافروں کو دوروز کیلئے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔