ملتان( سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ملکی معیشت کا پہیہ چل پڑا،اب نہیں رکے گا،سعودی وفد آئندہ ماہ پاکستان آکر 1400ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعلان کریگاقطر آئندہ ہندوستان کی بجائے پاکستان سے اجناس خریدے گا،ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کی بدولت دوست ممالک نے ہمیں امداد اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے اور مختلف منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے جس سے ملکی معیشت مضبوط ہوگی،پاکستان کا مفاد اور خطے میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے ،خارجہ پالیسی میں جدت لا رہے ہیں ، معاشی سفارت کاری کی بدولت پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت اوپر جائیگی۔این اے 156کی مختلف یونین کونسلوں میں اپنے اعزاز میں استقبالیہ تقاریب ، وفود سے ملاقات اور مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا سانحہ ساہیوال پر دلی صدمہ ہوا ،مرتکب سی ٹی ڈی اہلکاروں کو سزا دیجائیگی تاکہ مستقبل ایسا واقعہ رونما نہ ہوسکے ۔ شاہ محمود نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ اٹل حقیقت ہے ، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کی مشاورت کے بعد جلد ہی متفقہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔