اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) سعودی عرب کی طرف سے پاکستان و دیگر ممالک کے شہریوں کو 15ربیع الاول سے عمرہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، زائرین کو انسداد کورونا ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے زائرین کے لئے عمرہ کے ایس او پیز بھی جاری کردیئے جبکہ 4 اکتوبر سے مقامی افراد کیلئے عمرہ ادائیگی کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا جس کے بعد پاکستان و دیگر ممالک کے شہریوں کو 15ربیع الاول سے عمرہ کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ، تاہم زائرین کو عمرہ ادائیگی سے قبل اجازت نامہ لینا لازمی قرار دیا گیا، زائرین عمرہ سے قبل مخصوص موبائل ایپ ’اعتمرنا‘ کے ذریعے بکنگ کرائیں گے ، موبائل ایپ سے بکنگ کا آغاز آج سے شروع ہوچکا ہے ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق عمرہ زائرین کے لئے 3 گھنٹے کا وقت مختص کیا گیا اور پہلے مرحلے میں 6 ہزار افراد روزانہ عمرہ ادا کر سکیں گے ،دئیے گئے وقت میں ہی 7 دفعہ طواف، دو رکعت سنت، سعی صفا و مروہ، حجامت کے فرائض ادا کرنے ہونگے ، زائرین کو مخصوص بسوں کے ذریعے مسجد الحرام لایا جائے گا۔