واشنگٹن،ماسکو (صباح نیوز،آن لائن)اوپیک اور اوپیک پلس گروپ کا اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر آج ہو گا جبکہ روسی صدر نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کے تحفظ کیلئے تیل کی منڈی کو مستحکم کرنا نا گزیر ہے ، صدر ٹرمپ نے روس اور سعودی عرب سے اپیل کی ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پیداوار کم کریں،خام تیل کی قیمتوں میں استحکام کیلئے اوپیک اور اوپیک پلس ممالک کا اجلاس (آج)پیر کو طلب کیا گیا جس میں کورونا کے سبب عالمی معیشت پر اثرات، خام تیل کی پیداوار اور قیمتوں سے متعلق معاملات طے کرنے کیلئے سعودی عرب اور روس سمیت تیل پیدا کرنے والے ممالک کے نمائندے سر جوڑ کر بیٹھیں گے ۔روس کے صدر نے کہا کہ عالمی طور پرتوانائی کی مارکیٹ کی موجودہ صورتحال کافی پیچیدہ ہے ۔ کووڈ۔19 وبا کے منفی اثرات عالمی معیشت پر مرتب ہوئے ہیں اور دنیا بھر میں توانائی کے استعمال اور اس کی مانگ میں شدید کمی آئی۔روسی صدر نے مزید کہا کہ روس ، امریکہ اور اوپیک ممالک کے ساتھ تیل کی منڈی میں طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے تعاون کرنے کا خواہاں ہے ۔