کراچی(نمائندہ92نیوز،سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیرتعلیم ومحنت سعیدغنی کاکرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیاجس کے بعد وہ اپنے اہل خانہ سمیت قرنطینہ میں چلے گئے ۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں اسدغنی نے کہاکہ گزشتہ روز کروناٹیسٹ کرایاتھااس کانتیجہ مثبت آیا ،جس کے بعدقرنطینہ میں چلاگیاحالانکہ وائرس کے کوئی علامات تاحال ظاہرنہیں ہوئیں،مجھے بخارہے نہ نزلہ اورنہ ہی کھانسی اورنہ ہی جسم میں دردمحسوس ہورہاہے ،پھربھی اپنے قریبی لوگوں کوبچانے کے خاطرخود کوقرنطینہ کرلیا۔اپنے فرائض گھرمیں بیٹھ کر سر انجام دے رہاہوں،اس دوران مجھ سے ملنے والے تمام افراد بھی اپناٹیسٹ کرائیں اورنتیجہ آنے تک خودکوقرنطینہ کرلیں۔علاوہ ازیں وزیراعلی مرادعلی شاہ،ناصرشاہ اورمرتضی وہاب کے کرونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ سعیدغنی کا کروناٹیسٹ مثبت آنے کے بعدان سے میل جول رکھنے والی حکومتی شخصیات بالخصوص وزیراعلیٰ اورگورنر سندھ سمیت کئی حکومتی شخصیات نے ٹیسٹ کرائے ہیں۔صوبائی وزیرسعیدغنی سے ملنے والی سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس نے بھی کروناٹیسٹ کرانے شروع کردیئے ہیں۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کاکرونا ٹیسٹ کے بعد کہنا ہے کہ رپورٹ آنے تک قرنطینہ میں رہوں گا۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پراپنے پیغام میں عوام سے اپیل کی کہ آپ کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے تمام عوامی نمائندوں کیلئے دعاکریں ۔کراچی میں پی پی پی کے صدر اور سندھ حکومت کے وزیرسعیدغنی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ،سعید غنی کرونا وائرس سے بچاؤ کی ہماری جدوجہد میں اگلے محاذوں پر تھے ۔