کراچی،لاہور ،سکھر،اسلام آباد( سٹاف رپورٹر، اپنے نیوز رپورٹر سے ،نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار ) سابق وزیراعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری سعید مہدی بھی نیب کے شکنجے میں آگئے ۔نیب نے سعید مہدی ، سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ پی ایس او پی ایل عرفان خلیل قریشی ، سابق ایم ڈی پی ایس او نعیم یحیٰ ،سابق ایم ڈی ذوالفقار جعفری ،ایڈمور گیس کمپنی کے رضی احمد حنفی اور انور مسعود زیدی کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کردیا۔نیب حکام نے ریفرنس کی تفصیلات سندھ ہائیکورٹ میں بھی پیش کرکے عدالت کو بتایا کہ ملزموں نے قومی خزانے کو 56 ارب روپے سے زائد کا چونا لگایا۔ ادھر نیب کی ٹیم نے گزشتہ روز منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار اقبال زیڈ احمد کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے دفتر سے ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔نیب نے محکمہ خزانہ پنجاب اور پی این ڈی سے سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری امداد اللہ بوسال اور ان کے رکن اسمبلی بھائی ناصر اقبال بوسال کے بارے میں ریکارڈ طلب کرلیا۔نیب نے خورشید شاہ کے قریبی ساتھی میاں فتح الدین کو آج طلب کرلیا۔جے یو آئی کے رہنما اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کے اثاثوں کی چھان بین کیلئے ان کے قریبی دوست شفا شاہ نیب راولپنڈی میں پیش ہوگئے ۔نیب نے اکرم درانی کے بھتیجے عرفان درانی کو بھی کل طلب کر لیا جبکہ اکرم درانی کو بھی 7 اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے ۔نیب راولپنڈی نے اکرم درانی کے بیٹے زاہد درانی کو اٹھ اکتوبر کو طلب کر رکھا ہے ۔