لاہور،کراچی (نمائندہ خصوصی سے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت سے سکالرشپس میں کٹوتی کے متعلق فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔اپنے ایک بیان میں بلاول نے کہافاٹا اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلبا کا یہ حق ہے کہ وہ بھی معیاری تعلیم حاصل کریں،ان علاقوں کو دہشت گردی کی وجہ سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے ،مذکورہ کوٹہ کے خاتمے کا فیصلہ ان علاقوں کے طلبہ کے ہاتھوں سے قلم چھین کر بندوق تھمانے کے مترادف ہے ،طلباء کو اسکالرشپس سے محروم کرنے سے عمران خان کی حکومت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا،عمران کی حکومت فنڈز میں کٹوتی کرکے اعلیٰ تعلیم کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ، سابقہ فاٹا اور بلوچستان کے طلباء کے لئے سکالرشپ کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے ۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ صرف پیپلز پارٹی کو پاکستان کا متفقہ آئین دینے کا اعزاز حاصل ہے ،بھٹو نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر پاکستانی قوم کو یہ دستور دیا۔10اپریل 1973کے یوم دستور کے حوالے سے جاری کیے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ10اپریل 1973 نہ صرف ہماری سیاسی بلکہ ملکی تاریخ کا نا قابل فراموش دن رہے گا ، آئین ملک چلانے کی بنیاد طے کرتا ہے ،جمہوریت اور آئین کے بغیر کوئی ملک نہیں چلایا جا سکتا۔ سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سے ضیاء الحقی کرنے والوں کو جلد اپنی غلطی کا خمیازہ بھگتناپڑے گا،مرکز میں تبدیلی کے خواہشمند پنجاب میں بزدار حکومت کو کیوں کندھا دے رہے ہیں۔