اسلام آباد ( خصوصی نیوزرپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی پراڈکٹس کی ویلیو ایڈیشن اور پراسسنگ سہولیات بہتر بناکر عالمی منڈی میں اپنا مقام بنا سکتا ہے ۔ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے تجارتی نما ئشیں منعقد کرکے ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے کردار ادا کریں۔گزشتہ روزصدرمملکت نے یہاں ایوان صدر میں وزارت تجارت اور سرگودھا چیمبر آف کامرس کے زیر اہتمام’’ ترشاوہ پھلوں کی نما ئش‘‘ سے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹیوں میں ایسی تحقیق کی ضرورت ہے جو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہو ۔ انہوں نے کہا پاکستان ایک زرعی ملک ہے کینو اور دیگر پھلوں کی پیکنگ اور سٹوریج سہولیات بہتر بنا کر برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ وہ ممالک جو خوراک میں خود کفیل ہیں سٹریٹجک طور بہت محفوظ ہیں ۔تھوڑی سرمایہ کاری سے پھلوں کی پیداواربڑھ سکتی ہے ۔ پاکستان میں ترشاوہ پھلوں کی پیداوار تین تا چار فیصد ہے اور دنیا میں کینو پیدا کرنے والا پاکستان چھٹا بڑا ملک ہے ، پھلوں اور گندم سمیت زرعی اجناس کو محفوظ بنا کر ہم اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتے ہیں ۔تقریب کے اختتام پر صدر نے نمائش کے مختلف سٹالز کا جائزہ لیا جہاں مختلف اقسام کے کینو اور ترشاوہ پھل رکھے گئے تھے ۔ وفاقی وزیرغذائی تحفظ سید فخر امام نے کہاکہ ملک کی 24 ہزار ایکڑ زمین ترشاوہ پھل پیدا کر رہی ہے ۔سرگودھا چیمبر کے صدر ملک آصف نے فری ٹریڈ ایگریمنٹس اور شہر میں ڈرائی پورٹ کے قیام کے ساتھ ترشاوہ پھلوں کی بڑی منڈی میں رسائی کی تجویز پیش کی۔