لاہور(حافظ فیض احمد)پاکستان ریلوے میں سفارشی کلچر کے خاتمے کیلئے انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیوں کی منظور ی دے دی گئی جس کے تحت 8ہزار700اسامیاں پر کی جائیں گی۔اس حوالے سے کافی دنوں سے ریلو ے میں مشاور ت کا سلسلہ جاری تھا ،فیصلہ کیا گیا کہ جو امیدوارفزیکل ٹیسٹ میں پاس ہوئے ہیں ان کی بھر تی کمپیوٹر ائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے تما م ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ قواعدپر پورا اترنے والے شارٹ لسٹ کئے گئے امیدواروں کے انٹرویو نہیں ہونگے بلکہ قرعہ اندازی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سکیل 1تا5 تک 8ہزار700خالی اسامیوں پر قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتیاں کرنے کے حوالے سے مشاور ت کا عمل گزشتہ دوماہ سے جاری تھا ،خالی اسامیوں پر ریلوے کو6لاکھ50ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں میرٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے 1لاکھ 50ہزارامیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا، جن میں بیشتر امیدوار گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ہیں ،اسامیوں میں گینگ مین،گیٹ مین،ٹرالی مین،لائٹ معاون،سگنل معاون،ٹریفک بکس پورٹرسمیت دیگر کیٹیگری کی سیٹیں شامل ہیں ۔ذرائع کے مطابق انٹرویوز کے دوران من پسند امیدواروں کی بھریتوں کی شکایات ماضی میں سامنے آئی تھیں جس پر انٹرویو کا سلسلہ ختم کر کے قرعہ اندازی کا فیصلہ کیا گیا ۔