اسلام آباد، نیویارک (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک، اے پی پی ) وزیر اعظم عمران خان نے ستمبر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے موقع پر شدید احتجاج کیلئے تحریک انصاف کی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت کردی۔یہ ہدایات انہوں نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کیلئے آنے والے تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑکو دیں ۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کیخلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے ۔وزیر اعظم نے کہا سفاک مودی سرکار تمام انسانی و بین الاقوامی قوانین و ضوابط روندتے ہوئے کشمیریوں کونشانہ ستم بنانے کی تیاریوں میں ہے ۔سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاؤں گا۔وزیر اعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسمعیل نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ وہ کراچی میں مقیم کشمیری برادری سے ملاقات کریں اور کشمیر کا مسئلہ اجاگر کریں۔ملاقات میں کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور کلین کراچی مہم پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر فیصلہ کیاگیا کہ وزیر اعظم ستمبر کے آخری ہفتے کراچی میں چار منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعظم سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیر ہائوسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ نے بھی گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات کی ۔اس موقع پر وزارت ہائوسنگ اور اس کے ذیلی اداروں کی جانب سے ہائوسنگ منصوبوں میں پیشرفت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیر اعظم سے وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے ملاقات کی جس میں پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری، سیکرٹری قانون ارشد فاروق فہیم اور وزارت کے دیگر سینئر افسربھی موجودتھے ۔وزیر قانون نے وزیر اعظم کو مفادعامہ میں بنائے جانیوالے نئے قوانین اور ان کے نفاذ میں اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے مفاد عامہ میں قانون سازی کے ضمن میں وزیر قانون کی کاوشوں کو سراہااور کہاعوام کی سہل اور سستے انصاف تک رسائی یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔فوری اور آسان انصاف ہی عوام کے مسائل کے حل اور انکی زندگیوں میں واضح تبدیلی کا ضامن ہے ۔ وزیرِ اعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کی اہم سرکاری عمارات اور سرکاری ریسٹ ہاؤسز کو عوام کیلئے کھولنے اور برؤے کار لانے کے حوالے سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس ہوا ۔ وزیرِ اعظم کو پانچ اہم سرکاری عمارات بشمول گورنر ہاؤس، کرناک ہاؤس، وزیرِ اعلیٰ ہاؤس، سپیکر ہاؤس اور آئی جی ہاؤس کو عوام کیلئے دستیابی کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلا س میں بتایا گیا کہ مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں واقع 49 ریسٹ ہاؤسز ستمبرسے عوام کو دستیاب ہوں گے ۔اجلاس میں صوبے کے دیگر169ریسٹ ہاؤسز کے انتظام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ حکومت کی توجہ بیرونی ادائیگیوں کے توازن پرمرکوزہے ۔درآمدات کم کرنے اور برآمدات بڑھانے کی پالیسی کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ ایک ٹو یٹ میں وزیراعظم کا کہنا تھا گزشتہ سال کے مقابلے میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 6 ارب ڈالرکم ہوا۔جولائی میں کرنٹ اکائونٹ خسارے میں 73فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جو یقیناًبہت بڑی کامیابی ہے ۔