لاہور(جنرل رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ سفید کوٹ دکھی انسانیت کی خدمت کی علامت ہے جو خواہش کے باوجود ہر کسی کو نصیب نہیں ہوتا۔ اوور کوٹ پہننے والوں کو اس کے تقدس کا بھر پور خیال رکھنا ہوگا جبکہ ڈاکٹری پیشہ اختیار کرنے والے کسی دباؤ یا مجبوری سے اس شعبے میں نہیں آتے بلکہ دکھی انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہی انہیں اس چیلنج کو قبول کرنے پر آمادہ کرتا ہے تاہم یہ جوش و خروش آخر تک قائم رہنا چاہیے وہ لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس کے 2019-24سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ پرنسپل نے والدین پر زور دیا کہ وہ دوران تعلیم اپنے بچوں پر نگاہ رکھیں تاکہ وہ زیادہ وقت تعلیمی سرگرمیوں میں صرف کریں ۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران ، سٹوڈنٹس اور ان کے والدین نے بھرپور شرکت کی ۔ سینئر ڈاکٹرز نے ایم بی بی ایس میں داخلہ لینے والے خوش نصیب طلبا و طالبات اوراُن کے والدین کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں کے پروفیسرز صاحبان اور ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر طاہر خلیل نے بھی اظہار خیال کیا ۔