لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ علی زیدی گزشتہ تین سال سے حقائق عوام کے سامنے لانے کیلئے کوشش کررہے تھے علی زیدی اپنی پریس کانفرنس میں تمام چیزیں عوام کے سامنے رکھیں گے پی پی کو ہماری پریس کانفرنس کا پتہ چل گیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے جان بوجھ کردیر سے جے آئی ٹی کوپبلک کیا۔ پی آئی اے کو 2014میں بھی بند کیاگیا تھا۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان ڈاکٹر معید پیر زادہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ساہیوال سانحہ میں اجتماعی غلطی ہوئی لیکن اس کو عزیر بلوچ سے نہیں ملایاجاسکتا۔راجہ ریاض کی گفتگو کے جواب میں پروگرام کے دوران شہبازگل مسکراتے رہے پھر راجہ ریاض نے براہ راست ان سے کہا کہ آپ چمچہ گیری کرکے اس مقام پر پہنچے تو شہبازگل نے برا نہیں منایا اورمسکراتے رہے ۔ وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ علی زیدی کے اسمبلی میں جھوٹ کو سب نے دیکھا اورسنا ہے ۔ علی زیدی سے پوچھا جائے کہ جو کاغذات وہ لہراتے رہے ، ان کے پاس رپورٹ کہاں سے آئی، انہوں نے جو جھوٹ بولا اس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کرینگے ۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے پروگرام میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے گلہ ہے کہ ڈاکٹر معید پیرزادہ جیسے لوگ بھی ٹی وی پروگراموں میں غیر منتخب افراد کو بٹھا تے ہیں جن کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں شہباز گل تو ایک کونسلر بھی منتخب نہیں ہوسکتے ۔ سینئر تجزیہ کار مظہر عباس نے کہا کہ میر ے خیال میں علی زیدی جو رپورٹ لہرارہے تھے وہ جے آئی ٹی نہیں عزیر بلوچ کا بیان حلفی ہے ۔ سنیئر تجزیہ کار سعید قاضی نے کہا کہ یہ عقل سلیم کیسے تسلیم کرلے کہ ایک شخص نے لیاری میں ریاست بنارکھی ہے ، اصل مسئلہ یہ ہے کہ یہاں پر جرائم پیشہ افراد کو جان بوجھ کر شامل کیا گیا، انہیں استعمال کیا گیا۔