نیویارک (آن لائن،نیٹ نیوز )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شام میں انسانی بنیادوں پر امداد سے متعلق ایک قرارداد آخر کار منظور کر لی ہے ۔ اس قرار داد کا مسودہ جرمنی اور بلجیم نے پیش کیا تھا۔ اس پیشرفت کے بعد سلامتی کونسل کے ارکان میں ایک ہفتے سے جاری ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے ۔ قبل ازیں ہفتے کے روز روس اور چین نے یہ مسودہ ویٹو کر دیا تھا۔ اس سے پہلے روس کی جانب سے اسی سلسلے میں پیش کئے جانے والے ایک متبادل مجوزہ منصوبے کو سلامتی کونسل کے ارکان کی حمایت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ شام کے جنگ زدہ علاقوں تک امداد پہنچانے سے متعلق ایک معاہدے پر عملدرآمد 2014 سے جاری تھا تاہم جمعے دس جولائی کی شب اس معاہدے میں توسیع سے متعلق قرارداد منظور نہ ہونے کے باعث امداد پہنچانے کا کوئی راستہ نہیں بچا تھا۔