اسلام آباد،اوٹاوا(خبر نگار خصوصی،92 نیوزرپورٹ،خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈونے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا ناقابل قبول ہے ۔گزشتہ روزسوشل میڈیا پر جاری بیان میں کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ اسلامو فوبیا کسی بھی قیمت پر قابل قبول نہیں ۔ اسلاموفوبیا ناقابل یقین ہے ۔ ہمیں اس نفرت کو ختم کرنے اور کینیڈا میں رہنے والے مسلمانوں کیلئے اپنی کمیونٹی کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ۔ اس اقدام کے تحت اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے ہم ایک خصوصی نمائندہ مقرر کرینگے ۔علاوہ ازیں کینیڈین حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کینیڈا کے ہائوسنگ کے وزیر احمد حسین نے اپنی وفاقی حکومت کی توجہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے خصوصی نمائندہ تقرر کرنے کی جانب مبذول کرائی تھی۔ادھروزیر اعظم عمران خان نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈوکی جانب سے اسلاموفوبیا کے انسداد سے متعلق بیان پر کہا کہ ہمیں ملکر اسلاموفوبیا کا خاتمہ کرناہوگا۔ اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلاموفوبیا کی صریح مذمت اور دورحاضر کی اس لعنت کے انسداد کیلئے نمائندہ خصوصی کے تقرر کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔یہ میرے اس مطالبے کی تائید ہے جو مسلسل دہرا رہا ہوں۔ جسٹن ٹروڈو کی اس بروقت ترغیب میں اس دعوت کی بازگشت ہے جو میں ایک عرصے سے دنیا کو دے رہا ہوں۔ آیئے باہم ملکر اس آفت کے خاتمے کا سامان کریں، سب اسلاموفوبیا کیخلاف اتحاد کریں۔اسلام و فوبیا کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنا ہوگا ۔دریں اثنا سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے اسلامو فوبیا کیخلاف سخت موقف کو سراہتا اور خیر مقدم کرتا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے تسلسل سے دنیا کی توجہ اسلامو فوبیا کے نقصانات پر مبذول کرائی ہے ۔ کینیڈا کے اسلاموفوبیا کیخلاف ٹھوس اقدامات کا خیر مقدم کر تے ہیں ۔ علاوہ ازیں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا کہ اسلامو فوبیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔ اسلامو فوبیا کیخلاف اقوام عالم اب آواز اٹھا رہی ہے ۔ روسی صدر کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم کی جانب سے اسلاموفوبیا سے نمٹنے کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرنیکا فیصلہ خوش آئند ہے ۔دریں اثناوزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے اسلامو فوبیا کیخلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھانے کے اثرات آنا شروع ہوگئے ۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اسلامو فوبیا کی مذمت کی ۔معاون خصوصی شہباز گل نے بھی خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کے بارے میں بیان ہوا کا خوشگوار احساس ہے ،اسلاموفوبیا پرعالمگیر بحث کا آغاز وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا، وہ پوری مسلم امہ کے رہنما ہیں۔ یاد رہے کہ کینیڈین وزیراعظم سے قبل روسی صدرولادیمیر پیوٹن نے بھی اسلامو فوبیا کیخلاف آواز اٹھاتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ نبی حضرت محمدﷺ کی توہین آزادی اظہار رائے نہیں ہے ۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے گو پٹرولیم کمپنی کی جانب سے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے پر رضامندی ظاہر کرنے پر کمپنی کا شکریہ ادا کیا۔ ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ میری اپیل پر گو پٹرولیم نے لبیک کہا، دیگر کمپنیوں سے بھی گزارش ہے کہ اس مثال کی پیروی کریں۔