چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کی جعلی فلائنگ انوائسز اورجعلی رسیدوں میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر تمام بڑے نجی ہسپتالوں میں سیلز انوائس سسٹم نصب کرنے کی تیاری کر رہی ہے کیونکہ بڑے نجی ہسپتال مریض سے جو چارجز وصول کرتے ہیں اس پر وہ اتنا ٹیکس ادا نہیں کرتے۔ اس میں شبہ نہیں کہ پی ٹی آئی حکومت نے جب سے ایف بی آر کو متحرک کیا اور ایف بی آر نے جب سے ٹیکس نیٹ بڑھانے کے لئے سرگرمی سے عمل شروع کیا ہے ٹیکس چوروں نے بھی ٹیکس سے بچنے کے لئے نت نئے حربے اختیار کر لئے ہیں۔ عمل کا ایک ردعمل تو ضرور ہوتا ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہوتی ہے کہ جو نیک کام شروع کیا جائے اس کا اتمام کیا جائے تاکہ اصل مقصد حاصل ہو سکے۔ لہٰذا ایسے ٹیکس چوروں اور جعل سازوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرکے انہیں ملکی قوانین کے مطابق سزائیں دی جائیں تاکہ دوسروں کو عبرت ہو۔ چیئرمین ایف بی آر کی جانب سے بڑے نجی ہسپتالوں کی ٹیکس چوری کے خدشات کوبھی رد نہیں کیا جا سکتا۔ لہٰذا بڑے نجی ہسپتالوں میں سیلز انوائس سسٹم کے ذریعے ٹیکس نیٹ کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان تمام تادیبی اقدامات کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ ٹیکس رقوم کے حوالے سے ذہنوں میں شعوری و لاشعوری طور پر جوخدشات جنم لے چکے ہیں ان کا خاتمہ کیا جانا چاہئے تاکہ لوگ اپنا یہ قومی فریضہ برضا و رغبت انجام دیں اور اسے بوجھ یا ظلم محسوس نہ کریں۔