اسلام آباد( خبر نگار خصوصی)وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ بوسیدہ قرآنی اوراق کو ری سائیکل کرکے دوبارہ قرآن پاک کی اشاعت کی جائے گی، اخباری پیپر والے کاغذ پر قرآن چھاپنے پر پابندی لگادی ہے ۔ گزشتہ روز وفاقی وزیرپیرنورالحق قادری نے یہاں اسلام آباد میں ایک شاپنگ مال میں قران پاک کے تاریخی نادر قلمی نسخوں کی نمائش کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اللہ نے قرآن کی حفاظت اپنے ذمے لی ہے ، آج مسلمان قرآن کی طرف لوٹ رہے ہیں مسلمان جب بھی قرآن کی طرف لوٹے ترقی حاصل کی۔حکومت اس طرح کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک قرآن کمپلیکس بنانے جارہے ہیں،قرآ ن پاک کی اشاعت کیلئے ایک خاص وزن اور معیار ی کاغذ لازمی کررہے ہیں تمام مسالک کے لئے ایک ترجمے والا متفقہ قرآن پاک شائع کرنے کی کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ مندر کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کے سپرد کردیا ہے ،اگر مندر کا معاملہ مختلف مسالک کے علمائے کرام کے سپرد کرتے تو اختلاف سامنے آسکتا تھا۔اسلامی نظریاتی کونسل آئینی ادارہ ہے وہ جورائے دے گی وہی سب کے لئے قابل قبول ہوگی۔