ممبئی (شوبزڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ وہ نئے اداکاروں کوفلم انڈسٹری میں متعارف کراتے ہیں اور راتوں رات سٹار بنا دیتے ہیں اور اگر کسی کے ساتھ بھِڑ جائیں تو پھر اسے معاف نہیں کرتے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان نے ایک بار پھر پریانکا چوپڑا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ ’’ فلم انڈسٹری میں بہت سے لوگ فلم کے لیے کچھ بھی چھوڑ سکتے ہیں، اداکارائیں شاید اپنے شوہروں کو چھوڑ دیں، مگر یہاں پریانکا نے تو فلم ہی چھوڑ دی۔ شکریہ پریانکا! میں ہمیشہ اس کے لیے آپ کا شکرگزار رہوں گا، آپ فلم نہ چھوڑتیں تو ہم کترینہ کیف کو کیسے کاسٹ کرتے ۔سلمان خان اس سے پہلے بھی کئی بار پریانکا کو اپنی فلم ’بھارت‘ کی شوٹنگ سے 5 دن قبل یہ فلم چھوڑنے پر تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں۔ سلمان خان کا کہنا تھا کہ ’’پریانکا نے خود میری بہن ارپیتا سے اس فلم میں کردار ادا کرنے کے لیے بات کی تھی، فلم کا ٹریلر ریلیز ہونے پر بھی پریانکا نے مجھے فون نہیں کیا۔میں پریانکا کی سوچ نہیں بدل سکتا، میں نے پریانکا سے کہا تھا کہ ہم فلم کی شوٹنگ کی تاریخیں آپ کی مصروفیت کے مطابق رکھ لیں گے مگر پریانکا نے پھر بھی انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہوں، یقین سے نہیں کہہ سکتی کہ شادی کی تیاری کے لیے کتنا وقت لگے گا۔