اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) انٹرنیشنل پبلک پالیسی اور صنفی اصلاحات کے سرگرم ماہر سلمان صوفی کو بین الاقوامی تنظیم ’’وائٹل وائسز سولیڈیریٹی کونسل‘‘ کا رکن منتخب کر لیا گیا ہے ۔پنجاب سٹریٹجک ریفارمز یونٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل اور سپیشل مانیٹرنگ یونٹ (ایس ایم یو) کے سابق رکن سلمان صوفی نے ٹوئٹر پر بتایا کہ مجھے کونسل کے رکن کے طور پر منتخب کئے جانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے ، کونسل میں دنیا بھر سے 12مرد شامل ہیں جو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے کام کریں گے ۔یہ تنظیم دنیا بھر میں خواتین کے حقوق سے متعلق عالمی سطح پر آگاہی پھیلانے والے مردوں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرتی ہے اور انسانی سمگلنگ، گھریلو،جنسی تشدد اور خواتین کو نقصان پہنچانے والی روایات پر توجہ مرکوز رکھتی ہے ۔یہ تنظیم خواتین کے حقوق کیلئے خدمات سرانجام دینے والے مردوں کو سالانہ سولیڈیریٹی ایوارڈ کیلئے بھی نامزد کرتی ہے ۔