لاہور(این این آئی)صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کے ملازمین کے بینک اکاؤنٹ میں 9.5ارب روپے موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے ، ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے خفیہ بینک اکائونٹس کا سراغ لگالیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق یہ ملازمین رمضان اور العریبیہ شوگر ملز میں کام کرتے ہیں۔سلمان شہباز کے چپڑاسی مقصود کے بینک اکائونٹ میں 2.3 ارب روپے موجود ہونے کاانکشاف ہواہے ، مقصود چپڑاسی نے ان پیسوں سے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی قیمتی مرسڈیز کار بھی خریدی۔شبیر قریشی کلرک کے اکائونٹ میں ایک ارب روپے ، رانا وسیم کے اکائونٹ میں 24 کروڑ، اقرار کے اکائونٹ میں 64 کروڑ، تنویر الحق کلرک کے اکائونٹ میں 52 کروڑ، خضر حیات اکائونٹ کلرک کے اکائونٹ میں 1.2 ارب روپے اور توقیر الدین کے اکائونٹ میں 45 کروڑ روپے جمع کرائے جانے کا انکشاف ہواہے ۔ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل لاہور نے خفیہ بینک اکائونٹس کی معلومات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے حوالے کیں،تحقیقات کا دائرہ کار مزید وسیع کر دیاگیا ہے ۔ایف آئی اے بینکنگ کرائم سرکل نے تمام بینکوں سے ملازمین کے نام پر خفیہ اکاؤنٹ اورایس ای سی پی سے ملازمین کے نام پر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔