اسلام آباد (وقائع گار) ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت پیر کو سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں 466.264 ملین روپے لاگت کے 2 منصوبے منظور ، جبکہ 133 ارب روپے کی لاگت کے 4 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے ۔ اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن ، وفاقی وزارتوں اور صوبائی محکموں کے اعلی افسران نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی ۔ اجلاس میں صحت کے شعبے متعلق ’’پنجاب ترقی انسانی وسائل کیلئے سرمایہ کاری کیلئے ‘‘ 52800 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے جس کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک بھجوا دیا گیا ۔ اس منصوبے کے تحت پنجاب کے 11 اضلاع میں غریب اور مالی طور پر کمزور گھرانوں میں معیاری صحت ، تعلیم کی سہولیات کے علاوہ اور معاشرتی تحفظ کی سہولیات تک رسائی کو ممکن بنایا جائے گا۔ اجلاس میں فزیکل پلاننگ اینڈ ہاوسنگ کے پہلے منصوبے کے تحت اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں ایڈمن بلاک کیلئے 280 ملین روپے جبکہ دوسرے منصوبے کے تحت اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں 4 پولیس اسٹیشنز کے قیام کیلئے 185.416 ملین روپے کی کی منظوری دی گئی۔ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے کے پہلے منصوبے "پشاور ناردرن بائی پاس" کیلئے 21338.05 ملین روپے ، اور "صوراب - ہوشاب روڈ این۔ 85 (454 کلومیٹر) کی کی تعمیرکیلئے 28823.549 ملین روپے کی لاگت کے منصوبے کو حتمی منظوری کیلئے ایکنک کو بھجوا دیا گیا ۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ میں آبپاشی کے نظام کی بہتری کیلئے 30048.747 ملین روپے کی لاگت کا منصوبہ بھی ایکنک بھجوادیا گیا ۔