اسلام آباد(،وقائع نگار خصوصی ،صباح نیوز) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ لفظ پر پابندی کیخلاف پارلیمنٹرینز سے مشاورت کروں گا۔جعلی اکائونٹس کیس میں پیشی کے موقع پر احتساب عدالت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ لفظ پر پابندی کیخلاف پارلیمنٹرینز سے مشاورت کروں گا اور پتا کرتے ہیں حکومت پابندی لگا بھی سکتی ہے یا نہیں۔حکومتی ارکان کی جانب سے سابقہ حکومت پر لعنت بھیجنے اور چور ڈاکو کہنے سے متعلق سوال کے جواب میں زرداری نے کہا کہ دیکھ لیں خود یہ لوگ کیا کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی ملاقات کے بارے میں آصف زرداری نے مسکرا کر بات ٹال گئے ۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان جتنی پابندیاں لگالیں لیکن عوام جانتے ہیں کہ ان کا وزیراعظم سلیکٹڈ ہے ۔ سلیکٹڈ لفظ پرپابندی پر اپنے ردعمل میں انہوں کہا ہے کہ بلاول کی زبان سے ادا ہونے والا سلیکٹڈ کا لفظ عمران خان کی پہچان بن گیا ہے ، عمران خان اگر سلیکٹڈ نہیں ہیں تو اس لفظ پر پابندی کیوں لگوارہے ہیں؟۔ اپنے حریفوں کو چور اور ڈاکو کہنے والے عمران کا لفظ سلیکٹڈ سے اتنا خوف مضحکہ خیزہے ، جس شخص کی کونسلر کی سیٹ جیتنے کی اہلیت نہ ہو اور وہ وزیراعظم سلیکٹ ہوجائے تو ملک تو تباہ حال ہوگا، عمران کو سلیکٹ کرنے والوں نے انہیں پہلے میانوالی کا کونسلر بنوادیا ہوتا تو آج ملک کی یہ حالت نہ ہوتی۔