لاہور، اسلام آباد، شیخوپورہ ( کرائم رپورٹر، سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،92نیوزرپورٹ ) شرقپور کے علاقہ میں اغوا ہونے والے بچے کی لاش برآمد جبکہ اسلام آباد کے علاقے میں امام مسجد ا ور دو بچوں کو قتل کر دیا گیا ۔ لاہور میں پرانی انارکلی کے علاقہ میں نامعلوم شخص پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شرقپور کے علاقہ ڈھامکے میں گزشتہ رات اغوا ہونیوالے 5سالہ عبدالرحمن کی برہنہ لاش کھیتوں سے برآمد ہوئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق بچے کومبینہ زیادتی کے بعد گلہ دبا کر ہلاک کیا گیا ۔ پولیس نے ایک مشکوک نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے ۔ آئی جی پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے ۔ لاہورکے علاقہ پرانی انارکلی میں ایک شخص پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا اور اسکی لاش فٹ پاتھ سے برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق متوفی نشے کا عادی تھا ۔ادھرتھانہ بہارہ کہو کی حدود میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جے یو آئی راولپنڈی کے ضلعی سالار قاری کرامت الرحمن کے بھائی مفتی اکرام کو بیٹے اور شاگرد سمیت قتل کر دیا اور فرار ہو گئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں جے یو آئی کے مقامی رہنماو امام مسجد مفتی اکرام،13سالہ بیٹا اور شاگرد شامل ہیں۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ شیخوپورہ کے تھانہ فیکٹری ایریا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 55 سالہ منیر ، 50سالہ نیاز اور اسکی اہلیہ شریفاں بی بی کو قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو سابقہ رنجش کی بنا پر قتل کیا گیا ہے ۔